Wednesday, December 3, 2025

چپورسن میں زیرِ زمین دھماکوں کا سلسلہ جاری — ماہرین اور این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

چپورسن،گوجال ہنزہ ، گلگت بلتستان ماہرین کی تحقیق اور این ڈی ایم اے ٹیم کی تازہ رپورٹ کے مطابق وادیٔ چپورسن کے دائیں، بائیں اور پہاڑ کے دوسری جانب سے فالٹ لائنز گزرتی ہیں۔ تاہم حالیہ ہفتوں میں زیرِ زمین دھماکوں اور مقامی سطح پر محسوس ہونے والے جھٹکوں کی ٹھوس وجوہات واضح طور پر بیان نہیں کی گئی، اور ماہرین کے مطابق ان کی درست نشاندہی فی الحال ناممکن ہے۔ رپورٹ کے مطابق 13 اکتوبر 2025 کو رات 8 بج کر 58 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت 4.48 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 5 کلومیٹر تھی۔ عموماً 5 سے کم شدت کے زلزلوں کو نارمل قرار دیا جاتا ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ وادیٔ چپورسن میں اب تک تمام زیرِ زمین دھماکے معمولی نوعیت کے ریکارڈ کیے گئے ہیں اور علاقے کی تاریخ میں پہاڑوں کے سرکنے کا کوئی واقعہ بھی سامنے نہیں آیا۔ اس کے باوجود، گزشتہ کئی مہینوں سے جاری زیرِ زمین دھماکوں کا سلسلہ مقامی آبادی کے لیے شدید تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ سنگلاخ پہاڑوں کے دامن میں رہنے والی آبادی، بالخصوص بچوں اور بزرگوں میں خوف اور بے چینی کی فضا برقرار ہے۔ ماہرین کے مطابق زیرِ زمین دھماکوں کا تسلسل دراصل ایک بہتر علامت بھی ہوسکتا ہے، کیونکہ اس سے زمین کے اندر جمع گیس آہستہ آہستہ خارج ہوتی رہتی ہے، جبکہ گیس کے جمع ہوجانے اور یکبارگی اخراج سے بڑے حادثات پیش آسکتے ہیں۔ اگرچہ عالمی سطح پر زلزلوں کی درست پیشگوئی ممکن نہیں، مگر احتیاطی تدابیر اختیار کر کے نقصان کے امکانات کم کیے جاسکتے ہیں۔ انہی خدشات کے پیشِ نظر ماہرین اور مقامی قیادت نے حکومتِ وقت سے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔ سفارشات میں شامل ہیں: رہائشی مکانات اور اردگرد کے خطرات کا فوری سروے وادیٔ چپورسن میں حفاظتی شیلٹرز کا انتظام دراڑوں والے گھروں کے مکینوں کی محفوظ عمارتوں میں منتقلی عوام میں باہمی تعاون، ہم آہنگی اور احتیاطی شعور کی بیداری مقامی آبادی نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت بروقت اقدامات کرتے ہوئے صورتحال کو سنجیدگی سے لے گی اور وادی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ آخر میں عوام نے دعا کی کہ ربِ ذوالجلال تمام باشندگانِ وادی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین۔ عباس علی نور | چیپورسن ٹی وی

No comments:

Post a Comment